*جابر ابن حیان* *علم کیمیا کو ترقی دلانے والا ممتاز کیمیاداں* تخلیص: انجینیئر نذیر ملک جابر ابن حیان ایسا مسلمان کیمیا داں رہا ہے جس کی محنت اور کوشش سے علم کیمیا کو بڑی ترقی ملی اور یہ علم موجودہ حالت پر آیا۔ سچ تو یہ ہے کہ جابر ابن حیان سب سے پہلا کیمیاں داں تھا۔ اس کا تعلق عرب کے جنوبی حصے کے ایک قبیلے "ازد" سے تھا۔ اس خاندان کے لوگ کوفے میں آباد ہو گئے تھے، لیکن جابر 722ء میں خراسان کے شہر طوس میں پیدا ہوا۔ اس کا باپ 'حیان' کوفے سے یہاں آ گیا تھا جابر ابھی بچہ ہی تھا کہ باپ کا سایہ سر سے اٹھ گیا۔ اس کی ماں اس کی ننھی سی جان کو ساتھ لے کر عرب چلی گئی اور وہاں اپنے قبیلے کے لوگوں میں رہنے لگی۔ جابر نے یہاں ہی تعلیم پائی۔ دینی تعلیم کے علاوہ اس نے ریاضی اور دوسریے علوم کا مطالعہ بھی کیا۔ جب وہ جوان ہوا تو اپنے قبیلے کو چھوڑ کر مدینہ منورہ میں آ گیا۔ یہاں اس نے حضرت امام جعفر صادقؓ کے دست مبارک پر بیعت کی۔ امام جعفر صادقؓ نہایت عالم اور باکمال امام تھے۔ یہ ان ہی کی صحبت کا اثر تھا کہ جابر اگرچہ بعد میں سائنس داں بنا، لیکن اس پر مذہب کا رنگ ہمیشہ غالب رہا۔ مدینہ منور...