یونس علیہ السلام مچھلی کے پیٹ میں
یونس علیہ السلام مچھلی کے پیٹ میں
تخلیص:
انجینیئر نذیر ملک
یونس علیہ السلام کی قوم سے عذاب ٹل جانے کے بعد جب یونس علیہ السلام شہر کے قریب آئے تو آپ نے شہر میں عذاب کا کوئی اثر نہیں دیکھا۔ لوگوں نے عرض کیا کہ آپ اپنی قوم میں تشریف لے جایئے۔ تو آپ نے فرمایا کہ کس طرح اپنی قوم میں جا سکتا ہوں؟ میں تو ان لوگوں کو عذاب کی خبر دے کر شہر سے نکل گیا تھا، مگر عذاب نہیں آیا۔ تو اب وہ لوگ مجھے جھوٹا سمجھ کر قتل کر دیں گے۔ آپ یہ فرما کر اور غصہ میں بھر کر شہر سے پلٹ آئے اور ایک کشتی میں سوار ہو گئے یہ کشتی جب بیچ سمندر میں پہنچی تو کھڑی ہو گئی۔ وہاں کے لوگوں کا یہ عقیدہ تھا کہ وہی کشتی سمندر میں کھڑی ہو جایا کرتی تھی جس کشتی میں کوئی بھاگا ہوا غلام سوار ہوجاتا ہے۔ چنانچہ کشتی والوں نے قرعہ نکالا تو یونس علیہ السلام کے نام کا قرعہ نکلا۔ تو کشتی والوں نے آپ کو سمندر میں پھینک دیا اور کشتی لے کر روانہ ہو گئے اور فوراً ہی ایک مچھلی آپ کو نگل گئی اور مچھلی کے پیٹ میں جہاں بالکل اندھیرا تھا آپ مقید ہو گئے۔ مگر اسی حالت میں آپ نے آیت کریمہ لَآ اِلٰہَ اِلآَّ اَنْتَ سُبْحٰنَکَ اِنِّیْ کُنْتُ مِنَ الظّٰلِمِیْنَo(پ21،الانبیاء:87) کا وظیفہ پڑھنا شروع کر دیا تو اس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس اندھیری کوٹھڑی سے نجات دی اور مچھلی نے کنارے پر آکر آپ کو اُگل دیا۔
مچھلی کے اگلنے کے بعد
مچھلی کے پیٹ میں رہنے کیوجہ سے آپ بہت ہی نحیف و کمزور ہوچکے تھے۔ خدا عزوجل کی شان کہ اُس جگہ کدو کی ایک بیل اُگ گئی اور آپ اُس کے سایہ میں آرام کرتے رہے پھر جب آپ میں کچھ توانائی آگئی تو آپ اپنی قوم میں تشریف لائے اور سب لوگ انتہائی محبت و احترام کے ساتھ پیش آ کر آپ پر ایمان لائے۔ ایک روایت میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ارشاد فرمایا کہ ذوالنون کی وہ دعا جو انہوں نے بطن ماہی میں کی تھی یعنی لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظلمین جو مسلمان اپنے کسی مقصد کے لیے ان کلمات کے ساتھ دعا کرے گا اللہ تعالیٰ اس کو قبول فرمائیں گے۔ رسول اللہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کدّوکوپسندفرماتے اور فرماتے: اِنَّھَاشَجْرَۃُ اَخِیْ یُوْنُسَ
یہ میرے بھائی یونس علیہ السلام کا درخت ہے
کدو سے مراد لوکی یا گھیا ہے جو کہ ہمارے ہاں سبزی کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ تحقیق یہ ہے کہ لوکی میں ہڈیوں کی اینٹی بائیوٹک کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہے
خدا کی شان کریمی دیکھئے کہ اللہ تعالی نے اس زمانے میں اپنے بندے اور نبی کو کیسا ایڈوانس علاج مہیا کیا۔ سبحان اللہ
طالب الدعاء
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
تبصرے