الشیخ ناصرالدین البانی کا وصیت نامہ

شیخ کا وصیت نامہ

شیخ کے وصیت نامہ کی عبارت کا اردو ترجمہ من و عن درج ذیل ہے۔

وصیت نامہ کی عبارت

بسم اللہ الرحمن الرحیم

میں اپنی بیوی، بچوں، دوستوں اور سارے اعزہ کو وصیت کرتا ہوں کہ جب ان کو میری وفات کی خبر پہنچے تو وہ میرے لیے مغفرت اور رحمت کی دعائيں کریں اور میرے اوپر نوحہ نہ کریں، نہ ہی آواز سے روئيں۔ 

ثانیا: مجھے دفن کرنے میں جلدی کریں، میری تجہیز و تکفین میں جتنے لوگوں کی ضرورت ہو ان کے علاوہ میرے رشتہ داروں، اعزہ و اقارب کو خبر نہ کریں۔ مجھے میرے پڑوسی، میرے مخلص دوست، عزت خصر ابو عبد اللہ غسل دیں گے، نیز وہ لوگ ان کے ساتھ غسل دینے میں شریک ہوسکتے ہیں جن کو وہ اپنی مدد کے لیے منتخب کریں گے۔ 

ثالثا: میں چاہتا کہ مجھے سب سے قریبی جگہ میں دفن کیا جائے تاکہ جو لوگ میرے جنازے کو اٹھائيں، انہیں گاڑی وغیرہ میں رکھنے کی ضرورت نہ پڑے اور لوگوں کو اپنی اپنی گاڑیوں سے قبرستان تک جانے کی ضرروت نہ پیش آئے۔ میری قبر ایسے قبرستان میں ہو جو قدیم ہو اور جس کے بارے میں غالب گمان ہو کہ اسے اکھیڑا نہیں جائے گا۔ 

جس شہر میں میری وفات ہو وہاں کے لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ میری تدفین کے بعد ہی میرے ان بچوں کو خبر کریں جو اس شہر کے باہر ہوں۔ تاکہ جذبات کے غالب ہونے کی وجہ سے میری تدفین میں تاخیر نہ ہو۔ اللہ سے دعا ہے کہ میں اس سے ایسی حالت میں ملوں کہ وہ میرے اگلے اور پچھلے سارے گناہوں کو معاف کرديئے ہوں۔

تبصرے