بسم اللہ کی فضیلت

*بسم اللہ کی فضیلت*

منگل 18 مئی 2021

انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

 ابن مردویہ یہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب عیسیٰ علیہ السلام کو ان کی والدہ نے معلم کے پاس بیٹھایا تو اس نے کہا لکھیئے بسم اللہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے کہا بسم اللہ کیا ہے؟
استاد نے جواب دیا میں نہیں جانتا۔ آپ نے فرمایا "ب" سے مراد اللہ تعالٰی کا "بہا" یعنی بلندی ہے اور "س" سے مراد اس کی سنا یعنی نور اور روشنی ہے اور "م" سے مراد اس کی مملکت یعنی بادشاہی ہے اور "اللہ" کہتے ہیں معبودوں کے معبود اور اور "رحمن" کہتے ہیں دنیا اور آخرت میں رحم کرنے والے کو "رحیم" کہتے ہیں۔ آخرت میں کرم و رحم کرنے والے کو۔ ابن جریر میں بھی یہی روایت ہے

ابن مردویہ میں منقول ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھ پر ایک ایسی آیت اتری ہے جو کسی اور نبی پر سوائے حضرت سلیمان علیہ السلام کے نہیں اتری۔ وہ آیت
﴿ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ﴾ ہے۔

حضرت جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں جب یہ آیت "﴿ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ﴾ " اتری بادل مشرق کی طرف چھٹ گئے۔ ہوائیں ساکن ہو گئیں۔ سمندر ٹھہر گیا جانوروں نے کان لگا لئے۔ شیاطین پر آسمان سے شعلے گرے اور پروردگار عالم نے اپنی عزت و جلال کی قسم کھا کر فرمایا کہ جس چیز پر میرا یہ نام لیا جائے گا اس میں ضرور برکت ہو گی۔ حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ جہنم کے انیس داروغوں سے جو بچنا چاہے وہ

﴿ بِسْمِ اللّٰهِ ﴾الرحمن الرحیم پڑھے۔

 اس کے بھی انیس حروف ہیں۔ ہر حرف ہر فرشتے سے بچاؤ بن جائے گا۔ اسے ابن عطیہ نے بیان کیا ہے اس کی تائید ایک اور حدیث بھی ہے جس میں آپ نے فرمایا میں نے تیس فرشتوں کو دیکھا کہ وہ جلدی کر رہے تھے یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت فرمایا تھا جب ایک شخص نے

*ربناولک الحمد حمدا کثیرا طیبا مبارکا فیہ*

 پڑھا تھا اس میں بھی تیس سے اوپر حروف ہیں اتنے ہی فرشتے اترے اسی طرح ﴿ بِسْمِ اللّٰهِ ﴾ میں بھی انیس حروف ہیں اور وہاں فرشتوں کی تعداد بھی انیس ہے وغیرہ وغیرہ.

*اپنی اولاد کو شیطان سے بچانے کا عظیم نسخہ*

صحیحین میں حضرت ابن عباس سے مروی ہے کہ "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب تم میں سے کوئی اپنی بیوی سے ملنے کا ارادہ کرے تو یہ پڑھے

*بسم اللہ اللھم جنبنا الشیطان و جنب الشیطان ما رزقتنا*

 یعنی اے اللہ ہمیں اور جو ہمیں تو دے اسے شیطان سے بچا" فرماتے ہیں کہ اگر اس جماع سے حمل ٹھہر جائے تو اس بچہ کو شیطان کبھی نقصان نہ پہنچا سکے گا-

*اللہ اکبر! کیا عظیم نسخہ ہے*

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں تیرے احکامات پر تیرے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرما۔

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik. com

تبصرے