محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بچوں سے محبت

*حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بچوں سے محبت*


ِجمعرات21 اکتوبر2021
انجینیئر نذیر ملک
سرگودھا

گذشتہ سے پیوستہ

8۔ *بعض اوقات آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم چوٹے بچوں سے محبت اور بے تکلفی اور دل لگی کی باتیں بھی فرماتے تھے*
1- حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہمارے ساتھ بے تکلفی سے گھل مل جاتے حتی کہ میرے چھوٹے بھائی سے ایک بار آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا" اے ابو عمیر !نغیر( سرخ چونچ والی چڑیا) نے تمہارے ساتھ کیا کیا؟ حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میرے بھائی کے پاس ایک چڑیا تھی جس سے وہ کھیلتا تھا اور وہ مر گئی تب آپ صلی علیہ والہ وسلم نے ابو عمیر کا غم غلط کرنے کے لیے یہ بات ارشاد فرمائی( بخاری ومسلم)

2۔ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ اور حضرت حسن رضی اللہ تعالی عنہ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پیار اور محبت سے اپنی رانوں پر بٹھا لیتے سینے سے لگاتے اور دونوں کے لیے دعاء فرماتے۔

3- حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنی ایک ران پر مجھے بٹھا لیتے اور دوسری ران پر حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو بٹھا لیتے تھے دونوں کو اپنے سینے سے چمٹا لیتے اور دعاء فرماتے یا اللہ میں ان پر رحم کرتا ہوں تو بھی ان پر رحم فرما (صحیح بخاری)

9- *آپ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت زینب بنت ام سلمہ رضی اللہ عنہ سے کھیلتے اور پیار سے انہیں زوینب زوینب کہہ کر پکارتے*

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت زینب بنت ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا کے ساتھ کھیلتے اور انھیں پیار سے بار بار زوینب زوینب کہہ کر بلاتے اسے ضیاء نے روایت کیا ہے۔

10- *ایک معصوم بچی سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پیار اور مشفقانہ سلوک اور پیاری پیاری دعائیں*

حضرت ام خالد بن ولید رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں میں اپنے والد کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی میں نے زرد رنگ کی قمیض پہن رکھی تھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے دیکھا تو فرمایا سنہ سنہ (واہ واہ) عبداللہ(حدیث کے راوی )کہتے ہیں کہ یہ حبشی زبان کا لفظ ہے ام خالد کہتی ہیں میں نے جاکر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مہر نبوت سے کھیلنا شروع کر دیا میرے والد نے مجھے ڈانٹا رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا اسے کھیلنے دو پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میری طرف متوجہ ہوئے اور مجھے یہ دعاء دی اللہ کرے تم یہ کپڑا پرانا کرو اور پھاڑو( یعنی دیر تک استعمال کرو) پرانا کرو اور پھاڑو، پرانا کرو اور پھاڑو (بخاری)

11۔ *کم سن حضرت سائب بن یزید رضی اللہ عنہ کے سر پر ہاتھ رکھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انہیں برکت کی دعاء دی جس سے ان کے سر کے بال بڑھاپے میں بھی سیاہ رہے*

حضرت سائب بن یزید رضی اللہ تعالی عنہ کے آزاد کردہ غلام حضرت عطاء رحمت اللہ کہتے ہیں میں نے اپنے آقا سائب بن یزید کی داڑھی کے بال سفید اور سر کے بال سیاہ دیکھے تو میں ان سے پوچھا آپ کے سر کے بال سفید کیوں نہیں ہوئے؟

حضرت سائب رضی اللہ عنہ کہنے لگے" میرے سر کے بال کبھی سفید نہیں ہوں گے اس کی وجہ یہ ہے کہ میں کم سن تھا لڑکوں کے ساتھ کھیل رہا تھا نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا گزر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے سب بچوں کو سلام کہا بچوں میں سے صرف میں نے سلام کا جواب دیا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مجھے اپنے پاس بلایا اور پوچھا تمہارا نام کیا ہے؟ میں نے عرض کیا سائب بن یزید ، ابن اخت نمر (یہ حضرت سائب کا لقب ہے) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میرے سر پر ہاتھ رکھا اور فرمایا اللہ تجھے برکت دے۔

میرا خیال ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھ والی جگہ کے بال کبھی سفید نہیں ہوں گے" (رواہ طبرانی)

*حوالہ جات:*
مسلم، بخاری، صحاح ستہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اؤل انعام یافتہ مستند کتاب الرحیق المختوم۔

*درود شریف*

ٱللَّٰهُمَّ صَلِّ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ .

ٱللَّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ

*الدعاء*

یا اللہ تعالی میں تجھ سے نفع بخش علم، پاک طیب رزق اور ان اعمال کا سوال کرتا ہوں جو تیرے ہاں مقبول ہوں۔

یا اللہ تعالی میں تجھ سے ان نعمتوں کا سوال کرتا ہوں جو نہ تو بدلیں اور نہ ہی زائل ہوں۔

یا اللہ میں تجھ سے نفع بخش علم، وسیع رزق اور ہر قسم کی بیماری سے شفاء کا سوال کرتا ہوں۔

یا اللہ تعالی ہمیں بڑھاپے کے خرافات سے بچانا اور خاتمہ بلایمان فرمانا۔

آمین یا رب العالمین

طالب الدعاء
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333

تبصرے