نبی کریم کی بچوں سے محبت حصہ دوئم

*حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بچوں سے محبت*


ِاتوار 24 اکتوبر2021
انجینیئر نذیر ملک
سرگودھا
(گذشتہ سے پیوستہ)

*داہنی طرف بیٹھے ہوئے بچے نے اپنے سے پہلے دوسروں بچے کو پینے کی اجازت نہ دی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پہلے اسی بچے کو گلاس تھمادیا*

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں پینے کی کوئی چیز پیش کی گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سے کچھ نوش فرمایا آپ کے داہنے طرف ایک لڑکا اور بائیں طرف عمر رسیدہ لوگ بیٹھے تھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس لڑکے سے فرمایا کیا تم اجازت دیتے ہو کہ میں پہلے ان حضرات کو یہ مشروب دے دوں؟ لڑکے نے کہا اللہ کی قسم یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آپ کے جھوٹے میں سے اپنا حصہ کسی کو دینا کبھی پسند نہیں کروں گا

رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پیالا اسے تھما دیا۔ (اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

*بال بچوں کو اپنے پیچھے چھوڑ کر آنے والے وفد کو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ازراہ شفقت بیس دنوں کے بعد واپس اپنے بچوں میں جانے کا حکم دے دیا ۔*

حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اس وقت ہم سب نوجوان تھے اور ہم عمر تھے 20 رات تک ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاں قیام کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ خیال پیدا ہوا کہ ہمیں اپنے اہل و عیال سے ملنے کا شوق ہے یعنی ہم اپنے بال بچوں سے اداس ہو گئے ہیں تب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم سے دریافت فرمایا" آپ لوگ اپنے گھروں میں کس کس کو چھوڑ کر آئے ہیں؟

" ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بتایا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا اچھا تم لوگ اب اپنے گھروں کو واپس لوٹ جاؤ۔ انہیں دین کا علم سکھانا اور نیکی کا حکم دینا اور نماز اس طرح پڑھنا جس طرح تم نے مجھے پڑھتے ہوۓ دیکھا ہے جب نماز کا وقت ہوجائے تو تم میں سے ایک آدمی آذان دے اور جو بڑا ہو وہ نماز پڑھائے۔ (اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

*محبت و شفقت نہ کرنے کی آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مذمت فرمائی ہے*

حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا *جو شخص ہمارے چھوٹے بچوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کی عزت نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں* (اسے ترمذی نے روایت کیا ہے)

*حوالہ جات:*
مسلم، بخاری، صحاح ستہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اؤل انعام یافتہ مستند کتاب الرحیق المختوم۔

*درود شریف*

ٱللَّٰهُمَّ صَلِّ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ .

ٱللَّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمارے دلوں میں بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی طرح بچوں کی محبت پیدا فرما۔

یا اللہ تعالی میں تجھ سے نفع بخش علم، پاک طیب رزق اور ان اعمال کا سوال کرتا ہوں جو تیرے ہاں مقبول ہوں۔

یا اللہ تعالی میں تجھ سے ان نعمتوں کا سوال کرتا ہوں جو نہ تو بدلیں اور نہ ہی زائل ہوں۔

یا اللہ میں تجھ سے نفع بخش علم، وسیع رزق اور ہر قسم کی بیماری سے شفاء کا سوال کرتا ہوں۔

یا اللہ تعالی ہمیں بڑھاپے کے خرافات سے بچانا اور خاتمہ بلایمان فرمانا۔

آمین یا رب العالمین

طالب الدعاء
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333

تبصرے