صحابہ اکرام کی نبی سے محبت
*حضرات صحابہ اکرام کی حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت*
ِجمعہ 22 اکتوبر2021
انجینیئر نذیر ملک
سرگودھا
*حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ تعالی عنہ کی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت*
حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے جنگ بدر سے قبل عرض کی" اے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم! کیا ہم آپ کے لئے ایک اونچا چھپر نہ تعمیر کر دیں جس میں آپ قیام فرمائیں۔ ہم آپ کے پاس سواریاں بھی تیار رکھیں اور پھر دشمن سے مقابلہ کریں؟ اگر اللہ تعالی نے ہمیں عزت بخشی اور دشمن پر غلبہ عطا فرما یا تو یہی وہ چیز ہے جو ہم چاہتے ہیں اور اگر صورتحال اس کے برعکس ہوئی تو آپ اپنی سواریوں پر بیٹھ کر ہماری قوم کے ان لوگوں کے پاس پہنچ جانا جو پیچھے رہ گئے ہیں ہم آپ کی محبت میں ان سے بڑھ کر نہیں اگر انہیں علم ہوتا کہ آپ کو جنگ سے سابقہ پڑے گا تو وہ کبھی آپ سے پیچھے نہ رہتے۔ اللہ تعالی ان کے ذریعے آپ کی حفاظت فرمائے گا وہ لوگ آپ سے وفا کریں گے اور آپ کے ساتھ مل کر جہاد کریں گے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت سعد رضی اللہ تعالی عنہ کی اس تجویز پر ان کی تعریف فرمائی اور ان کے لیے دعائے خیر کی پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے ایک عریش( چھپر) تعمیر کیا گیا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنگ کے دوران قیام فرمایا۔ (اسے ابن کثیر نے روایت کیا ہے)
*حضرت زید بن حارث رضی اللہ تعالٰی عنہ کی آپ سے محبت*
حضرت جبلہ بن حارثہ کہتے ہیں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! میرے بھائی زید بن حارثہ رضی اللہ تعالی عنہ کو میرے ساتھ روانہ فرما دیں آپ نے ارشاد فرمایا زید تمہارے سامنے موجود ہے اگر وہ تمہارے ساتھ جانا چاہتا ہے تو میں اسے کبھی نہیں روکوں گا حضرت زید رضی اللہ تعالی عنہ نے عرض کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! اللہ کی قسم میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقابلے میں کسی دوسرے کو ترجیح نہیں دوں گا۔ حضرت جبلہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں میرے بھائی کی رائے میری رائے کی نسبت بہت بہتر تھی (اسے ترمذی نے روایت کیا ہے)
*وضاحت*
یاد رہے کہ حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ تعالٰی عنہ حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے غلام تھے حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہبہ کر دیا تھا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت زید رضی اللہ تعالٰی عنہ کو آزاد کرکے اپنا منہ بولا بیٹا بنا لیا اور جب حضرت زید رضی اللہ تعالٰی عنہ کے گھر والوں کو علم ہوا کہ زید رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس ہیں تو وہ انہیں لینے آئے لیکن حضرت زید رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ان کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔
(یہ ہے رسول اللہ سے سچی محبت کہ اپنے گھر والوں کو بھی رسول اللہ کی محبت میں چھوڑ دیا) پھر نبی کریم کی دلداری دیکھیں کہ انھیں اپنا منہ بولا بیٹا بنا لیا اور اپنی پھوپھی کی بیٹی سے ان کی شادی کروا دی)۔
*حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کی آپ سے محبت*
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ خیبر کی فتح والے دن مسلمان ہوۓ تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انھیں خیبر کے مال غنیمت میں سے حصہ بھی عطا فرمایا تھا اور کسی صحابی نے ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کو مال غنیمت میں سے حصہ دینے پر اعتراض بھی کیا تھا کہ یہ جنگ میں تو شامل نہیں تھا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ جب مال غنیمت تقسیم ہو رہا تھا تو یہ موجود تھا۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مخاطب کرکے فرمایا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! جب میں آپ کو دیکھتا ہوں تو میری آنکھیں ٹھنڈی ہو جاتی ہیں اور دل خوش ہوجاتا ہے لیکن جب آپ نظر نہیں آتے تو میرا دل بجھ جاتا ہے یا ایسا ہی کوئی لفظ کہا" (اسے بزار نے روایت کیا ہے۔)
*حوالہ جات:*
مسلم، بخاری، صحاح ستہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اؤل انعام یافتہ مستند کتاب الرحیق المختوم۔
*درود شریف*
ٱللَّٰهُمَّ صَلِّ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ .
ٱللَّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمارے دلوں میں بھی نبی کریم کی محبت صحابہ جیسی عطا فرما۔
یا اللہ تعالی میں تجھ سے نفع بخش علم، پاک طیب رزق اور ان اعمال کا سوال کرتا ہوں جو تیرے ہاں مقبول ہوں۔
یا اللہ تعالی میں تجھ سے ان نعمتوں کا سوال کرتا ہوں جو نہ تو بدلیں اور نہ ہی زائل ہوں۔
یا اللہ میں تجھ سے نفع بخش علم، وسیع رزق اور ہر قسم کی بیماری سے شفاء کا سوال کرتا ہوں۔
یا اللہ تعالی ہمیں بڑھاپے کے خرافات سے بچانا اور خاتمہ بلایمان فرمانا۔
آمین یا رب العالمین
طالب الدعاء
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333
تبصرے