نبی کریم کی بچوں پر رحمت

*حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بچوں پر رحمت*


منگل 19 اکتوبر 2021
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

بچوں پر آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی رحمت۔

1۔ *آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بچوں سے محبت اور شفقت فرمانے والے تھے*

حضرت انس فرماتے ہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سارے لوگوں سے بڑھ کر بچوں اور گھر والوں پر رحم فرمانے والے تھے(روایت ابن عساکر)

2۔ *آپ صلی اللہ علیہ وسلم بچوں سے اظہار محبت کے لیے انہیں بوسہ دیتے اور چومتے* 

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالی عنہ کا بوسہ لیا۔ آپ صلی اللہ علیہ  وآلہ وسلم کے پاس حضرت عکرمہ بن حابس تمیمی رضی اللہ عنہ بیٹھے تھے کہنے لگے" میرے دس بیٹے ہیں میں نے ان میں سے کبھی کسی کا بوسہ نہیں لیا" رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کی طرف دیکھا اور فرمایا "جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا اس پر اللہ کی طرف سے بھی رحم نہیں کیا جاتا۔" (بخاری)

3۔ *نومولود بچوں کو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم محبت سے اٹھا لیتے تحنیک فرماتے بعض اوقات بچے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر پیشاب کر دیتے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قطعاً برا نہ مانتے*

 حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ایک نومولود بچے کو اپنی گود میں بٹھایا اور اس بچے نے آپ پر پیشاب کر دیا آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پانی منگوا کر اس پر بہا دیا(رواہ بخاری)

4۔ *آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم بچوں کی صفائی کرنے میں عار محسوس نہیں فرماتے تھے*

ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت اسامہ رضی اللہ تعالی عنہ کی ناک صاف کرنے کا ارادہ فرمایا تو میں نے عرض کیا "میں کیۓ دیتی ہوں" آپ نے ارشاد فرمایا عائشہ  میں اس سے محبت کرتا ہوں تو بھی اس سے محبت کر"(رواہ ترمذی)

5۔ *آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا بچوں پر گزر ہوتا تو انہیں سلام کہتے اور محبت و شفقت سے ان کے سر پر ہاتھ پھیرتے*

 حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انصار سے ملاقات کے لیے تشریف لے جاتے تو ان کے بچوں کو سلام کہتے اور ان کے سروں پر محبت سے ہاتھ پھیرتے۔
(رواہ ابن حبان)

 حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا میں بعض اوقات نماز شروع کرتا ہوں تو چاہتا ہوں کہ لمبی نماز پڑھوں لیکن اچانک کسی بچے کے رونے کی آواز سنتا ہوں تو اپنی نماز مختصر کر دیتا ہوں کیونکہ میں جانتا ہوں کہ بچے کے رونے سے ماں کے دل پر کیسی چوٹ پڑتی ہے
(رواہ بخاری)

6۔ *آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا بچوں سے پیار اور محبت کرنے پر ایک دیہاتی کا تعجب*

 حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں کہ ایک دیہاتی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بچوں سے پیار کرتے ہوئے دیکھ کر کہنے لگا آپ بھی بچوں کو چومتے ہیں ہم تو نہیں چومتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا" اگر اللہ تعالی نے تیرے دل سے سے شفقت نکالی ہے تو میں کیا کر سکتا ہوں۔" (رواہ بخاری)

7۔ *کم سن حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مال اور اولاد میں برکت کی دعاء دی اللہ تعالی نے حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کو ڈھیروں مال اور سو سے زیادہ پوتے پوتیاں دیں* 
۔ 
 حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ میری والدہ مجھے نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پاس لے کر حاضر ہوئیں اور عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ میرا بیٹا انس ہے میں اسے آپ کی خدمت کے لیے لائی ہوں اس کے لئے اللہ تعالی سے دعاء فرمائیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انس رضی اللہ تعالی عنہ کو دعاء دی"  یا اللہ اس کے مال اور اولاد میں اضافہ فرما" حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ میرے پاس ڈھیروں مال ہے اور سو سے زیادہ پوتے اور پوتیاں ہیں۔ (رواہ مسلم)

*حوالہ جات:*
مسلم، بخاری، صحاح ستہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اؤل انعام یافتہ مستند کتاب الرحیق المختوم۔ 

*درود شریف*

ٱللَّٰهُمَّ صَلِّ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ .

ٱللَّٰهُمَّ بَارِكْ عَلَىٰ مُحَمَّدٍ وَعَلَىٰ آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَعَلَىٰ آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں صحابہ کرام جیسا پختہ ایمان اور اللہ تعالی پر یقین کامل عطا فرماء

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008604333

تبصرے