جہنم میں لیجانے والے 20 گناہ

*جہنم میں لیجانے والے 20 گناہ*

*1. ﷲ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا*

فرمان باری تعالی ہے: یقیناًاﷲ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کئے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے۔ اور جو اﷲ تعالٰی کے ساتھ شریک مقرر کرے اس نے بہت بڑا گناہ اور بہتان باندھا۔ (النساء: 48)

*2. نماز کا چھوڑنا*
فرمان بای تعالی ہے: کہ وہ بہشتوں میں (بیٹھے ہوئے) گناہ گاروں سے سوال کرتے ہوں گے تمہیں دوزح میں کس چیز نے ڈالا ہے وہ جواب دیں گے کہ ہم نمازی نہ تھے۔(المدثر: 40-43)

*3.  سود لینے، دینے، لکھنے اور گواہ بننے والا*

فرمان باری تعالی ہے:  سود خور لوگ نہ کھڑے ہوں گے مگر اسی طرح جس طرح وہ کھڑا ہوتا ہے جسے شیطان چھو کر خبطی بنا دے یہ اس لئے کہ یہ کہا کرتے تھے کہ تجارت بھی تو سود ہی کی طرح ہے، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے تجارت کو حلال کیا اور سود کو حرام، جو شخص اپنے پاس آئی ہوئی اللہ تعالیٰ کی نصیحت سن کر رک گیا اس کے لئے وہ ہے جو گزرا اور اس کا معاملہ اللہ تعالیٰ کی طرف ہے، اور جو پھر دوبارہ ﴿حرام کی طرف﴾ لوٹا، وہ جہنمی ہے، ایسے لوگ ہمیشہ ہی اس میں رہیں گے۔ (البقرۃ: 275)

*4. پاک دامن عورت پر تہمت لگانا*
فرمان باری تعالی ہے: جو لوگ پاک دامن بھولی بھالی باایمان عورتوں پر تہمت لگاتے ہیں وه دنیا وآخرت میں ملعون ہیں اور ان کے لئے بڑا بھاری عذاب ہے، جب کہ ان کے مقابلے میں ان کی زبانیں اور ان کے ہاتھ پاؤں ان کے اعمال کی گواہی دیں گے۔ (النور: 23-24)

*5. فیصلے میں ﷲ کا قانون نہ لینا*

فرمان باری تعالی ہے: جو لوگ ﷲ کے نازل کردہ قانون کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہی کافر ہیں ۔(المائدہ:44)

*6. حق کو چُھپانا*
فرمان باری تعالی ہے: جو لوگ ہماری نازل کی ہوئی روشن تعلیما ت اور ہدایات کو چھپاتے ہیں ، درآن حالیکہ ہم انھیں سب انسانوں کی رہنمائی کے لیے اپنی کتاب میں بیان کر چکے ہیں ، یقین جانو کہ ﷲ بھی ان پر لعنت کرتا ہے اور تمام لعنت کرنے والے بھی اُن پر لعنت بیجھتے ہیں ۔البتہ جو اس روش سے باز آجائیں اور اپنے طرزِ عمل کی اصلاح کر لیں اور جو کچھ چُھپاتے تھے ، اُسے بیان کر نے لگیں ،اُن کو میں معاف کردوں گا اور مَیں بڑا درگزر کرنے والا اور رحم کرنے والا ہوں۔( البقرہ: 159-160)

*7. رِیا کاری کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: پھر تباہی ہے اُن نماز پڑھنے والوں کے لیے جو اپنی نماز سے غفلت برتتے  ہیں ، جو رِیا کاری کرتے ہیں اور معمولی ضرورت کی چیزیں (لوگوں کو دینے سے گریز کرتے ہیں ۔( الماعون : 4-7)

*8. ہم جنس پرستی*
فرمان باری تعالی ہے : کیا تم جہان والوں میں سے مردوں کے ساتھ شہوت رانی کرتے ہو ۔ اور تمہاری جن عورتوں کو ﷲ تعالٰی نے جوڑا بنایا ہے اُن کو چھوڑ دیتے ہو ، بلکہ تم ہو ہی حد سے گزر جانے والے۔( الشعراء: 165-166)

*9.  زنا*
فرمان باری تعالی ہے: اور اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے اور کسی ایسے شخص کو جسے قتل کرنا اللہ تعالیٰ نے منع کردیا ہو وه بجز حق کے قتل نہیں کرتے، نہ وه زنا کے مرتکب ہوتے ہیں اور جو کوئی یہ کام کرے وه اپنے اوپر سخت وبال لائے گا، اسے قیامت کے دن دوہرا عذاب کیا جائے گا اور وه ذلت و خواری کے ساتھ ہمیشہ اسی میں رہے گا۔ (الفرقان: 68-69)

*10. کسی جان کو قتل کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: اور جو کوئی کسی مومن کو قصداََ قتل کر ڈالے ، اس کی سزا دوزح ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا، اس پر ﷲتعالٰی کا غضب ہے اسے ﷲ تعالٰی نے لعنت کی ہے اور اس کے لئے بڑا عذاب تیار رکھا ہے۔ (النساء:93)

*11. کسی پر ناحق ظلم کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: یہ راستہ صرف اُن لوگوں پر ہے جو خود دوسرں پر ظلم کریں اور زمین میں نا حق فساد کرتے پھریں ، یہی لوگ ہیں جن کے لئیے درد ناک عذاب ہے( الشورٰی:42)

*12. ناحق یتیموں کا مال کھانا*
فرمان باری تعالی ہے: جو لوگ ناحق (ظلم) سے یتیموں کا مال کھا جاتے ہیں ، وہ اپنے پیٹ میں آگ ہی بھر رہے ہیں اور عنقریب وہ دوزخ میں جائیں گے۔(النساء،:۱۰)

*13. شراب پینا اور جوا کھیلنا*
فرمان باری تعالی ہے: اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب ، جوا اور آستانے وغیرہ اور پانسے کے تیر یہ سب گندی باتیں ، شیطانی کام ہیں ان سے بالکل الگ رہو تاکہ تم فلاح یاب ہو۔ شیطان تو یوں چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے ذریعے سے تمہارے آپس میں عداوت اور بغض واقع کرا دے اور ﷲ تعالٰی کے یاد سے اور نماز سے تم کو باز رکھے سو اب بھی باز آجاؤ۔( المائدہ :90-

*14. زمین میں فساد برپا کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: جو لوگ ﷲ اور اس کے رسولﷺ سے لڑتے ہیں اور زمین میں اس لیے تگ ودو کرتے پھرتے ہیں کہ فساد برپا کریں ، اُن کی سزا یہ ہے کہ قتل کیے جائیں ، یا سُولی پر چڑھائے جائیں ، یا اُن کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سَمْتوں سے کاٹ ڈالے جائیں ، یا وہ جَلا وطن کر دیے جائیں ۔ یہ ذلت ورسوائی تو اُن کے لیے دُنیا میں ہے اور آخرت میں اُن کے لیے اس سے بڑی سزا ہے۔( المائدہ، : 33)

*15. تکبرکرنا*
فرمان باری تعالی ہے: اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سب نے سجدہ کیا۔ اس نے انکا ر کیا اور تکبر کیا اور وہ کافروں میں ہو گیا۔( البقرۃ ، :34)

*16. اپنے آپ کو قتل کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: اور اپنے آپ کو قتل نہ کرو۔یقین مانو کہ ﷲ تمھارے اُوپر مہربان ہے۔جو شخص ظلم وزیادتی کے ساتھ ایسا کرے گا، اُس کو ہم ضرور آگ میں جھونکیں گے اور یہ ﷲ کے لیے کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ اگر تم اُن بڑے بڑے گناہوں سے پرہیز کرتے رہو جن سے تمھیں منع کیا جا رہا ہے، تو تمھاری چھوٹی موٹی بُرائیوں کو ہم تمھارے حساب سے ساقط کردیں گے اور تم کو عزت کی جگہ داخل کریں گے۔(سور ۃ النساء،:29-30)

*17. منافقت اختیار کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: یہ منافق ﷲ کے ساتھ دھو کا بازی کر رہے ہیں، حالانکہ در حقیقت ﷲ ہی نے انھیں دھوکے میں ڈال رکھا ہے۔ جب یہ نماز کے لیے اُٹھتے ہیں تو کَسْمَاتے ہوئے محض لوگوں کو دکھانے کی خاطر اُٹھتے ہیں اور خدا کو کم ہی یاد کرتے ہیں ۔کفرو ایمان کے درمیان ڈانواں ڈول ہیں ۔ نہ پُورے اِس طرف ہیں نہ پُورے اُس طرف ۔ جسے اﷲنے بھٹکا دیا ہو ، اس کے لیے تم کوئی راستہ نہیں پا سکتے۔اے لوگو جو ایمان لائے ہو، مومنوں کو چھوڑ کر کافروں کو اپنا رفیق نہ بناؤ۔ کیا تم چاہتے ہو کہ ﷲ کو اپنے خلاف صریح حجت دے دو ؟یقین جانو کہ منافق جہنم کے سب سے نیچے طبقے میں جائیں گے اور تم کسی کو اُن کا مدد گار نہ پاؤ گے۔( النساء، :142-145)

*18. اپنی عزت کی خاطر گناہ پر جمے رہنا*

فرمان باری تعالی ہے: اور جب اس سے کہا جاتا ہے کہ ﷲ سے ڈر، تو اپنے وقار کا خیال اُس کو گناہ پر جما دیتا ہے ۔ ایسے شخص کے لیے تو بس جہنم ہی کافی ہے اور وہ بہت بُرا ٹھکانہ ہے۔( البقرۃ، :206)

*19. مومن مردوں اور عورتوں کو بے قصور اذیت دینا*
فرمان باری تعالی ہے: اور جو لوگ مومن مردوں اور عورتوں کو بے قصور اذیت دیتے ہیں اُنھوں نے ایک بڑے بہتان اور صریح گناہ کا وبال اپنے سر لے لیا ہے۔( الا حزاب ، : 58)

*20. کنجوسی کرنا*
فرمان باری تعالی ہے: یقین جانو ﷲ کسی ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو اپنے پِندار میں مغرور ہو اور اپنی بڑائی پر فخر کرے ۔ اور ایسے لوگ بھی ﷲ کو پسند نہیں ہیں جو کنجوسی کرتے ہیں اور دُوسروں کو بھی کنجوسی کی ہدایت کرتے ہیں اور جو کچھ ﷲ نے اپنے فضل سے انھیں دیا ہے اُسے چھپاتے ہیں ۔ایسے کفران نعمت لوگوں کے لیے ہم نے رُسوا کُن عذاب مہیا کر رکھا ہے۔( النساء، :36-37)

*الدعاَء*
اے میرے پالنہار عظمت والے رب میں تیرا ادنا سا گناہگار بندہ فقط تیری رحمت کے وسیلے تجھ سے تیری جنت الفردوس کا سوال کرتا ہوں تو مجھے بغیر حساب کتاب کے عنایت فرما.

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell:00923008604333

تبصرے