نماز جمعہ کے مسائل جز اول
*نماز جمعہ کے مسائل*
جمعہ 17 جنوری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
مسئلہ نمبر 306
*ہر نماز سے گذشتہ نماز تک، نماز جمعہ، ہفتہ بھر کے وقفے میں سرزد ہونے والے تمام صغیرہ گنا ہوں کی مغفرت کی باعث بنتی ہے۔*
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا " ہر نماز گذشتہ نماز تک کے جمعہ یعنی ہفتہ بھر کے اور رمضان سال بھر کے گناہوں کا کفارہ ہیں بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے بچا جائے ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 307
*بلا عذر جمعہ چھوڑنے والوں کے گھروں کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جلا ڈالنے کی خواہش کا اظہار فرمایا۔*
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جمعہ نہ پڑھنے والوں کے بارہ میں فرمایا میں چاہتا ہوں کہ کسی کونماز پڑھانے کا حکم دوں پھر جمعہ نہ پڑھنے والوں کو ان کے گھروں سمیت جلا ڈالوں ۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 308
*شرعی عذر کے بغیر تین جمعے چھوڑنے والے کے دل پر اللہ تعالی گمراہی کی مہر لگا دیتے ہیں۔*
حضرت ابو جعد ضمری رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس شخص نے تین جمعے غفلت کی وجہ سے چھوڑ دیئے اللہ تعالیٰ اس کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔ اسے ابو داؤد، ترمذی ، نسائی ، ابن ماجہ اور دارمی نے روایت کیا۔
مسئلہ نمبر 309
*غلام، عورت، بچے، بیمار اور مسافر کے علاوہ جمعہ ہر مسلمان پر فرض ہے۔*
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسافر پر جمعہ نہیں ہے۔(اسے طبرانی نے روایت کیا ہے۔)
حضرت طارق بن شہاب رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم نے فرمایا غلام، عورت، بچے اور بیمار کے علاوہ جماعت کے ساتھ جمعہ پڑھنا ہر مسلمان پر واجب ہے ۔ اسے ابو داؤد نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 310
*جمعہ کے روز غسل کرنا ، مسواک کرنا اور خوشبولگانا مسنون ہے۔*
حضرت ابو سعید رضی اللہ تعالی عنہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہر بالغ، مسلمان کو جمعہ کے دن غسل کرنا چاہئے مسواک کرنا چاہئے اور جس قدر خوشبو میسر ہو لگانی چاہئے۔(رواہ نسائی)
مسئلہ نمبر 311
*جمعہ کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بکثرت درود بھیجنے کا حکم ہے۔*
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا ”جمعہ کے روز مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، جو آدمی جمعہ کے روز مجھ پر درود بھیجتا ہے وہ میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے ۔( رواہ حاکم و بیہقی)
مسئلہ نمبر 312
*جمعہ میں دو خطبے ہیں، دونوں خطبے کھڑے ہو کر دینا مسنون ہے۔*
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیتے تھے اور دونوں کے درمیان بیٹھتے تھے خطبے میں قرآن پڑھ کر لوگوں کو نصیحت فرماتے ۔(رواہ مسلم)
مسئلہ نمبر 313
*امام کو منبر پر چڑھ کر سب سے پہلے نمازیوں کو سلام کہنا چاہئے*
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب منبر پر چڑھتے تو سلام کہتے ۔ ( رواہ ابن ماجہ)
مسئلہ نمبر 314
*خطبہ جمعہ، عام خطبہ کی نسبت مختصر ، اور نماز جمعہ عام نماز کی نسبت لمبی پڑھانی چاہئے۔*
حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ (جمعہ)
کا خطبہ مختصر اور نماز لمبی پڑھانا امام کی عقلمندی کی دلیل ہے، لہٰذا خطبہ مختصر دو اور نماز لمبی پڑھو۔ اسے احمد اور مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 315
*جمعہ کے دن زوال سے قبل، زوال کے وقت اور زوال کے بعد سبھی اوقات میں نماز جمعہ پڑھنی جائز ہے۔*
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز جمعہ سورج ڈھلے پڑھاتے تھے۔“ اسے احمد ، بخاری، ابوداؤد اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 316
*جمعہ کا خطبہ شروع ہو چکا ہو، تو آنے والے نمازی کو دوران خطبہ مختصر سی دو رکعت تحیۃ المسجد نماز پڑھ کر بیٹھنا چاہئے۔*
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ یہ کہتے ہیں کہ جمعہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے اتنے میں سلیک غطفانی آئے اور بیٹھ گئے ۔ آپ صلی اللہ وآلہ وسلم نے فرمایا " اے سلیک! اٹھ کر مختصر دو رکعت ادا کر لو پھر آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا " جب تم جمعہ کے روز آؤ آور امام خطبہ دے رہا ہو تو دور رکعت مختصر سی نماز ادا کرو۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں مارنا تو مسلمان ہی مارنا کیونکہ ہم کافر ہو کر مرنا نہیں چاہتے۔
آمین یا رب العالمین۔
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
تبصرے