خطبہ رمضان الکریم
*خطبہ رمضان کریم*
بدھ 19 فروری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
حضرت سلمان فارسیؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم نے شعبان کی آخری تاریخ کو خطبہ دیا اور فرمایا، اے لوگو! تمہارے اوپر ایک بڑا بزرگ مہینہ سایہ فگن ہوا ہے۔ یہ بڑی برکت والا مہینہ ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس کی ایک رات ﴿ایسی ہے کہ﴾ ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ﴿اس کے﴾ روزے فرض کیئے ہیں اور اس کی راتوں کے قیام کو تطوع ﴿یعنی نفل﴾ قرار دیا ہے۔ جس شخص نے اس مہینے میں کوئی نیکی کرکے اللہ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ اس شخص کے مانند ہے، جس نے دوسرے دنوں میں کوئی فرض ادا کیا ﴿یعنی اُسے ایسا اجر ملے گا جیسا کہ دوسرے دنوں میں فرض ادا کرنے پر ملتا ہے﴾۔ اور جس نے اس مہینے میں فرض ادا کیا تو وہ ایسا ہے جیسے دوسرے دنوں میں اُس نے ستّر فرض ادا کیے۔ اور رمضان صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا ثواب جنت ہے، اور یہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کرنے کا مہینہ ہے اور یہ وہ مہینہ ہے جس میں مومن کا رزق بڑھایا جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص اس میں کسی روزہ دار کا روزہ کھلوائے تو وہ اس کے گناہوں کی مغفرت اور اس کی گردن کو دوزخ کی سزا سے بچانے کا ذریعہ ہے اور اس کے لیے اتنا ہی اجر ہے جتنا اُس روزہ دار کے لیے روزہ رکھنے کا ہے، بغیر اس کے کہ اس روزہ دار کے اجر میں کوئی کمی واقع ہو۔
حضرت سلمانؓ کہتے ہیں کہ ہم نے ﴿یعنی صحابہ کرام نے﴾ عرض کی، یا رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم میں سے ہر ایک کو یہ توفیق میسر نہیں ہے کہ کسی روزہ دار کا روزہ کھلوائے۔ نبی نے فرمایا، اللہ تعالیٰ یہ اجر اُس شخص کو ﴿بھی﴾ دے گا جو کسی روزہ دار کو دودھ کی لسّی سے روزہ کھلوا دے یا ایک کھجور کھلا دے یا ایک گھونٹ پانی پلادے۔ اور جو شخص کسی روزہ دار کو پیٹ بھر کر کھانا کھلا دے تو اللہ تعالیٰ اُس کو میرے حوض سے پانی پلائے گا۔ ﴿اِس حوض سے پانی پی کر﴾ پھر اُسے پیاس محسوس نہ ہوگی یہاں تک کہ وہ جنت میں داخل ہو جائے گا اور یہ وہ مہینہ ہے کہ جس کے آغاز میں رحمت ہے، وسط میں مغفرت ہے اور آخر میں دوزخ سے رہائی ہے، اور جس نے رمضان کے زمانے میں اپنے غلام سے ہلکی خدمت لی، اللہ تعالٰی اسے بخش دے گا اور اُس کو دوزخ سے آزاد کردے گا۔
*رمضان کی عظمت:*
مندرجہ بالا خطبے میں رمضان المبارک کی عظمت کے چند پہلو بیان کیے گئے ہیں۔
* اس مہینے میں ایک رات ﴿شبِ قدر﴾ ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔
* اس ماہ کے نفل، نیکی دوسرے ایام کے فرض کے مساوی حیثیت اور قدر و قیمت رکھتی ہے۔
* اِس ماہ میں ایک فرض عبادت کی ادائیگی دوسرے دنوں کے ستّر فرائض کے برابر ہے۔
* یہ مہینہ صبر کا مہینہ ہے۔
* اس مہینے میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے۔
* اس مہینے کے آغاز میں رحمت ہے، وسط میں مغفرت ہے اور آخر میں دوزخ سے رہائی ہے۔
رمضان کی عظمت واضح کرنے کے پہلو بہ پہلو نبی نے اس مہینے کے جن اہم اعمالِ صالحہ کی طرف توجہ دلائی ہے وہ درجِ ذیل ہیں۔
* اس ماہ کے روزے فرض ہیں۔
* یہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کرنے کا مہینہ ہے۔
* روزہ دار کا روزہ کھلوانا بڑے اجر و ثواب کا فعل ہے۔
* اس مہینے میں اپنے زیرِدست افراد سے ہلکی خدمت لینی چاہیے۔ توقع ہےکہ ایسا کرنے والے شخص کو اللہ تعالیٰ بخش دے گا اور دوزخ سے اُسے آزاد کردے گا۔
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں رمضان مبارک کے سارے روزے رکھنے کی ہمت دے اور اے اللہ تیرے احکامات پر نبی کریم کی سنت کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرما۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com
Cell:00923008605333
خطبہ رمضان کریم
تبصرے