خطبہ جمعہ کا اردو ترجمہ

 *خطبہ جمعہ کا اردو ترجمہ*


جمعہ 23 جنوری 2026

کاوش:

انجینیئر نذیر ملک سرگودھا 



السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ 

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم 


الحمدللہ ہم شکر گزار ہیں اپنے رب کے, جس نے ہمیں یہ جسم و جان عطا فرمائی اور دنیا میں ہر قسم کی نعمتیں عطا فرمائیں اور سب سے بڑھ کر یہ زندگی بخشی اور ہم اس اپنے خالق و رب کو کیوں سجدہ نہ کریں جبکہ اس نے ہمیں اپنی عبادت کے لئے پیدا فرمایا اسی لئے ہم نماز پنجگانہ ادا کرتے ہیں اور یوم جمعہ کو خصوصا" جامع مسجد جا کر ہفتہ وار نماز جمعہ ادا کرنے سے قبل خطبہ جمعہ احترام سے سنتے ہیں لیکن یہ خطبہ چونکہ خطیب صاحب عربی زبان میں پڑھتے ہیں اور ہماری زبان عربی نہیں ہے اس لئے ہم میں سے اکثر لوگوں کو یہ معلوم ہی نہیں پڑتا کہ امام صاحب نے خطبہ جمعہ میں کیا فرمایا ہے اور ہمیں اللہ تعالی کے کیا احکامات بیان کئے ہیں اور کن کن عوامل کو اللہ تعالٰی نے ہمیں کرنے کا حکم ارشاد فرمایا۔


یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جب ہمیں یہی معلوم نہ ہو گا کہ ہمارے ذمہ کیا احکامات ہیں؟

تو ہم بس خطبہ سن لیتے ہیں مگر اس پر عمل نہیں کرتے۔ میں بھی آپ میں سے ہی ہوں اور اس حقیقت کا آشکار میں بھی ہوں اور اس تدریس کی غرض سے آج یوم جمعہ کو خطبہ جمعہ کا اردو ترجمہ پیش خدمت ہے امید واثق ہے کہ خطبہ جمعہ کا اردو ترجمہ پڑھ کر آپ کو وہ پیغام مل جائے گا جو ہر جمعہ کو آپ سنتے ہیں مگر سمجھتے نہ تھے۔


اللہ تعالٰی  سے دعاء ہے کہ ہمیں ان احکامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ تعالی  کے سبھی احکامات پر نبی کریم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


آمین یا رب العالمین 


یہ حاضر ہے خطبہ جمعہ کا اردو ترجمہ:


*خطبہ حصہ اول*


 سب تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں برتر ذات۔ عظیم صفات والا۔ بلند حالت۔ بڑی شان والا۔ بزرگ مرتبت۔ بلند ذکر۔ واجب الاطاعت۔ روشن دلیل والا بڑی شان والا۔ بڑے نام کثیر علم وسیع علم۔ بہت عطا کرنے والا۔ دعا قبول کرنے والا۔ عام احسان کرنے والا۔ جلدی حساب کرنے والا۔ سخت سزا دردناک عذاب دینے والا ۔غالب بادشاہ۔ اور ہم گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اکیلا ہے۔ پیدا کرنے والا اور حکم کرنے میں اس کا کوئی شریک نہیں اور ہم گواہی دیتے ہیں کہ ہمارے سردار اور آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں جو بھیجے گئے ہیں سیاہ اور سرخ کی طرف۔ جو تعریف کیے گئے ہیں شرح صدر کے ساتھ اور بلندی کے ساتھ اور اے اللہ تو رحمت بھیج ان پر اور ان کی آل پر اور ان کے اصحاب پر اور جو اہل عرب کے خلاصہ ہیں اور انبیاء کے بعد تمام خلائق سے بہتر ہیں۔ اما بعد پس اے لوگو! اللہ کو ایک مانو, بے شک اللہ کو ایک ماننا تمام اطاعت میں بلند ہے اور اللہ سے ڈرو بے شک اللہ کا خوف تمام نیکیوں کی اصل ہے اور سنت کو لازم پکڑو بے شک سنت اللہ کی اطاعت کا راستہ دکھاتی ہے اور جس نے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کی اس نے دانائی اور ہدایت پا لی۔ اور بچو تم بدعت سے اس لیے کہ بدعت نافرمانی کی طرف لے جاتی ہے اور جس نے اللہ اور رسول کی نافرمانی کی پس وہ گمراہ ہوا اور بھٹک گیا اور تم سچائی کو لازم پکڑ لو بے شک سچ نجات دلاتا ہے اور جھوٹ ہلاک کرتا ہے اور تم احسان کو لازم پکڑو بے شک اللہ تعالی احسان کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔ اللہ کی رحمت سے نا امید مت ہونا بے شک وہ سب سے زیادہ رحم کرنے والا ہے اور دنیا سے محبت نہ کرو ورنہ نقصان اٹھانے والے ہو جاؤ گے۔ خبردار کوئی جاندار نہیں مر سکتا جب تک اپنا رزق پورا نہ کر لے ۔پس اللہ سے ڈرو اور اختصار اختیار کرو طلب معاش میں اور اس پر توکل کرو بے شک اللہ توکل کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے اور اس کو پکارو بے شک تمہارا رب پکارنے والوں کی دعا کو قبول کرنے والا ہے۔ اور اس سے مغفرت طلب کرو  وہ مال و اولاد سے تمہاری مدد کرے گا۔ میں پناہ چاہتا ہوں اللہ کی شیطان مردود سے اور تمہارے رب نے فرمایا مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔ بے شک جو میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں عنقریب جہنم میں داخل ہوں گے۔ اللہ برکت دے ہمارے لیے اور تمہارے لیے قرآن عظیم میں اور نفع دے۔ ہمیں اور تمہیں اپنی ذات اور حکمت والے ذکر سے, میں بخشش مانگتا ہوں اللہ سے اپنے لیے اور تمہارے لیے اور تمام مسلمانوں کے لیے۔ پس تم بھی اس سے بخشش مانگو وہی بخشش کرنے والا مہربان ہے۔ 



*خطبہ حصہ ثانی*


 سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں ہم اس کی حمد کرتے ہیں اور اس سے مدد مانگتے ہیں اور اس سے بخشش طلب کرتے ہیں اور اس پر ایمان لاتے ہیں اور اس پر بھروسہ کرتے ہیں اور ہم اللہ کی پناہ چاہتے ہیں اپنے نفسوں کی شرارتوں اور اپنے اعمال کی برائیوں سے۔ جس کو اللہ ہدایت دے اس کو کوئی گمراہ کرنے والا نہیں اور جس کو وہ گمراہ کر دے اس کو کوئی ہدایت دینے  والا نہیں۔ اور ہم گواہی دیتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں ہے اور ہم گواہی دیتے ہیں کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں۔ پناہ چاہتا ہوں اللہ کی شیطان مردود سے بے شک اللہ اور اس کے فرشتے رحمت بھیجتے ہیں نبی پر۔ اے ایمان والو! تم بھی درود بھیجا کرو اور خوب سلام۔ اے اللہ رحمت نازل فرما اپنے بندے اور رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اور رحمت نازل فرما مومن مرد اور مومن عورتوں اور مسلمان مرد اور مسلمان عورتوں پر اور برکت نازل فرما حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے ازواج اور ان کی اولاد پر۔ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میری امت میں سب سے زیادہ رحم کرنے والے ابوبکر ہیں اور ان میں اللہ کے معاملے میں سب سادہ سخت عمر ہیں اور زیادہ حیا کرنے والے عثمان اور بہتر فیصلہ کرنے والے علی ہیں اور حضرت فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہیں اور حسن اور حسین جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں اور حمزہ اللہ اور اس کے رسول کے شیر ہیں راضی ہوا اللہ تعالی ان سب سے۔ اے اللہ بخشش فرما عباس اور ان کی اولاد کی ظاہری اور باطنی بھی۔ جو نہ چھوڑے کوئی گناہ اللہ سے ڈرو۔ اللہ سے ڈرو میرے صحابہ کے حق میں ان کو میرے بعد ملامت کا نشانہ مت بنانا ۔پس جس نے ان سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا تو وہ میرے سے بغض رکھنے کی وجہ سے رکھا ۔اور میری امت کے بہترین لوگ وہ ہیں جو میرے زمانے کے ہیں اور پھر وہ جو ان سے ملے۔ پھر وہ جو ان سے ملے ۔ بے شک اللہ حکم دیتا ہے انصاف اور احسان کا اور قرابت داروں کو دینے کا اور منع کرتا ہے کھلی برائی اور مطلق برائی اور ظلم کرنے سے۔ اللہ تم کو اس لیے نصیحت فرماتے ہیں کہ تم نصیحت قبول کرو تم مجھ کو یاد کرو میں تم کو یاد کروں گا اور میری شکر گزاری کرو اور میری ناشکری مت کرو۔


وسلام علیکم ورحمتہ وبرکاتہ

 

الدعاء 

اللہ تعالٰی عمل کی توفیق عطا فرمائے۔


آمین یا رب العالمین 


Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333

تبصرے