ہماری دینی کاوشیں
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سلانوالی ضلع سرگودھا میں عیدین کی نماز عین مسنون اوقات پر
الحمدللہ، مجھے تقریباً 20 سال سے اپنی ذاتی کوشش اور خرچ سے ایک عیدگاہ کے انتظام کی سعادت حاصل ہے، جہاں عیدین کی نماز حتی المقدور عین مسنون وقت پر ادا کی جاتی ہے۔
جب میں سعودی عرب سے نقلِ مکانی کرکے اپنے آبائی شہر سلانوالی واپس آیا تو یہاں یہ صورتحال دیکھی کہ اکثر مقامات پر نمازِ عید صبح 10 یا ساڑھے 10 بجے تک ادا کی جاتی تھی۔
چنانچہ میں نے مقامی علماء کرام سے ادب اور خیرخواہی کے ساتھ مشورہ کیا اور حرمین شریفین میں رائج طریقہ اور مسنون اوقات کے دلائل پیش کیے کہ نمازِ عید سورج بلند ہونے کے بعد بلاوجہ مؤخر کرنا سنت کے خلاف ہے۔
ابتداء میں بعض علماء کرام نے اختلاف بھی کیا، لیکن جب میں نے احادیث اور فقہی حوالہ جات کے ساتھ مسنون اوقات کی وضاحت کی تو رفتہ رفتہ فضا تبدیل ہوتی گئی۔
الحمدللہ آج سلانوالی کے تقریباً 22 مقامات میں سے 15 مقامات پر نمازِ عید انہی اوقات کے قریب ادا کی جا رہی ہے جو سنت اور آثارِ سلف کے زیادہ موافق ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ لوگ آج بھی سچی، مدلل اور خیرخواہ بات کو قبول کرتے ہیں، بشرطیکہ اسے حکمت، صبر اور ادب کے ساتھ پیش کیا جائے۔
ھٰذَا مِنْ فَضْلِ رَبِّی
احقر الناس
انجینیئر نذیر ملک
سلانوالی، ضلع سرگودھا
بندۂ ناچیز کی ایک اور ادنیٰ کاوش
الحمدللہ، تقریباً 15 سال قبل ہمارے گھر کے وسیع صحن میں ماہ صیام کے دوران نمازِ تراویح کے باجماعت اہتمام کا آغاز کیا گیا۔ اس مبارک سلسلے کے ساتھ روزانہ نمازِ تراویح میں پڑھے جانے والے قرآنِ مجید کا مختصر اور عام فہم خلاصہ بیان کرنے کی سعادت بھی حاصل رہی۔
اسی طرح تکمیلِ قرآن کے موقع پر علاقے کے جید علماء کرام کے بیانات کا اہتمام بھی کیا جاتا رہا ہے تاکہ عوام الناس قرآنِ مجید کے پیغام اور دینِ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
خصوصی طور پر ماہ صیام میں نمازِ مغرب، نمازِ عشاء، نمازِ تراویح اور صلاۃ الفجر کی باجماعت ادائیگی کا اہتمام مسلسل ماہ صیام میں جاری رہتا ہے، جس سے اہلِ محلہ بڑی تعداد میں مستفید ہوتے ہیں۔
مزید برآں، تکمیلِ قرآن کے موقع پر احباب اور اہلِ محلہ کے لیے پرتکلف طعام کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
بندۂ ناچیز نے اپنی اولاد کو بطورِ وصیت دو خیرخواہی اور صدقۂ جاریہ کے کام جاری رکھنے کی تلقین کی ہے:
1- گھر پر نمازِ تراویح کے باجماعت نظام کا اہتمام۔
2- پیپلز کالونی گراؤنڈ سلانوالی میں عیدین کی نمازوں کے انتظام کو جاری رکھنا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجھے، میری اولاد اور آنے والی نسلوں کو عوام الناس کی یہ دینی خدمت اخلاص کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے، اور اسے ہمارے لیے آخرت کا ذخیرہ، صدقۂ جاریہ اور ذریعۂ نجات بنائے۔
آمین یا رب العالمین
احقر العباد
انجینیئر نذیر ملک
اولادِ ابنِ مسیت
پیپلز کالونی، سلانوالی
ضلع سرگودھا
تبصرے