شفاعت رسول ایک واقع
*شفاعت رسول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عقیدے پر ایک سبق آموز سچا واقعہ*
جمعرات 14 مئی 2026
تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
چند سال پہلے کی بات ہے۔ ایک ریٹائرڈ تحصیلدار صاحب میرے آفس خیام چوک سرگودھا تشریف لائے۔ عمر تقریباً ستر سال سے اوپر تھی۔ بظاہر بڑے بے فکر اور نڈر معلوم ہوتے تھے۔ دین کی باتیں شروع ہوئیں تو فرمانے لگے:
“ملک صاحب! زیادہ فکر نہ کریں، رسول اللہ ﷺ شفاعت کرا دیں گے، سب ہو جائے گا، کوئی مسئلہ نہیں۔”
میں نے بڑی نرمی سے عرض کیا:
“بھائی! شفاعت حق ہے، لیکن شفاعت ان لوگوں کے لیے ہوگی جو رسول اللہ ﷺ کی اطاعت اور سنت سے محبت رکھتے ہوں گے۔”
مگر وہ اپنی بات پر ڈٹے رہے۔ بار بار یہی کہتے:
“بس جی! رسول اللہ ﷺ شفاعت کرا دیں گے۔”
آخر میں مجھے کچھ سخت لہجہ اختیار کرنا پڑا۔ میں نے کہا:
“بھائی! ذرا قیامت کا منظر تصور کریں۔ میدانِ حشر لگا ہوا ہے۔ اللہ کے نبی ﷺ تشریف فرما ہیں۔ آپ آگے بڑھتے ہیں اور عرض کرتے ہیں:
‘یا رسول اللہ ﷺ! میری شفاعت فرما دیجیے۔’
اور رسول اللہ ﷺ آپ کی طرف دیکھ کر فرمائیں:
‘بندے! دنیا میں تم نے میری کون سی بات مانی تھی کہ آج میں تمہاری شفاعت کروں؟ کیا تم نے اپنی شکل و صورت، اپنی زندگی، اپنا طریقہ میرے طریقے جیسا بنایا تھا؟’”
اللہ گواہ ہے، میری یہ بات سننا تھا کہ وہ شخص یکدم کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔ ہاتھ جوڑ لیے۔ آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ زار و قطار رونے لگا اور کہنے لگا:
“ملک صاحب! میں تو پہلے ہی سوال میں آؤٹ ہو جاؤں گا۔”
پھر اپنی داڑھی کی طرف ہاتھ لے جا کر بولا:
“آج صبح تو مونڈ لی، مگر ان شاء اللہ اب دوبارہ نہیں مونڈوں گا۔”
اس دن مجھے ایک بات شدت سے محسوس ہوئی کہ جب بات دل میں اتر جائے تو انسان بدل بھی جاتا ہے۔ لیکن جب آدمی گناہ پر ڈٹ جائے، شفاعت کو ڈھال بنا لے اور اللہ کی پکڑ سے بے خوف ہو جائے تو پھر نصیحت اثر نہیں کرتی۔
یاد رکھئے!
شفاعت حق ہے، مگر شفاعت گناہوں کا لائسنس نہیں۔
توبہ حق ہے، مگر توبہ اللہ کے ساتھ کھیل نہیں۔
اللہ غفور الرحیم ہے، مگر شدید العقاب بھی ہے۔
رسول اللہ ﷺ کی محبت صرف نعروں سے ثابت نہیں ہوتی بلکہ:
- سنت پر عمل سے،
- حلال زندگی سے،
- خوفِ خدا سے،
- اور اپنی اصلاح سے ثابت ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں سچی توبہ، صحیح عقیدہ، اور نبی کریم ﷺ کی حقیقی اتباع نصیب فرمائے۔
وما علینا إلا البلاغ المبین۔
احقر العباد
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
تبصرے